قنبر علی خان،پولیس مقابلے کے بعد3 ڈاکو گرفتار،اسلحہ برآمد

381

قنبر علی خان(نمائندہ جسارت) ضلع قنبر شہدادکوٹ کے تین مختلف مقامات پر تین مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران سندھ وبلوچستان کے تین خطرناک مسلح ڈاکوزخمی حالت میں گرفتار بھاری اسلحہ برآمد ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی قنبر شہداکوٹ بشیر احمد بروہی کو اپنی اعلیٰ پولیس انٹیلی جنس نیٹ ورک کے ذریعے مخفی ا طلاع ملی کہ خطرناک مسلح ڈاکوؤں کی ایک گینگ جو اے سیکشن پولیس حدود میں دانگی شاخ کے علاقے میں موجود ہے جو ایک بڑی مسلح واردات کی منصوبہ بندی میں مصروف عمل ہے اس مخفی اطلاع پر ایس ایچ او اے سیکشن کی قیادت میں تربیت یافتہ پولیس فورس تشکیل دی گئی جس نے علاقے کو اپنے محاصرے میں لے لیا اسی اثنا میں مسلح ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی پولیس کے گھیرے سے نکلنے کیلیے اندھا دھند فائرنگ کا سلسلہ شروع کردیا جبکہ پولیس نے بھی جدید اسلحے سے مسلح ڈاکوؤں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سندھ وبلوچستان کا ایک خطرناک مسلح ڈاکواللہ ڈتو عرف ٹلو ولد بختیار لغاری زخمی ہوگیا جس کے قبضے سے پولیس نے ایک کلاشنکوف ، ایک پستول اور بڑی مقدار میں گولیاں و میگزین برآمد کرلیے ہیں جبکہ زخمی ڈاکو کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کے پیچھے پولیس ٹیم روانہ ہوگئی ہے ، جبکہ قنبر سٹی تھانے کے ایس ایچ او نے اطلاع ملنے پر اپنی پولیس جمعیت کے ہمراہ قنبر راہوجا بائی پاس کے نزدیک ڈیرے پر موجود ڈاکوؤں کو موقع پر گرفتار کرنے کیلیے قریب پہنچے تو مسلح ڈاکوؤں نے پولیس کو اپنی طرف آتا دیکھ کر اندھا دھند فائر کھول دیے جبکہ پولیس نے بھی اپنی دفاعی پوزیشن سنبھال کر مسلح ڈاکوؤں پر جوابی فائرنگ کی مسلسل آدھے گھنٹے کے فائرنگ تبادلے کے بعد سندھ وبلوچستان کا ایک خطرناک ڈاکو محمد ہاشم ولد محمد مستوئی موقع پر شدید زخمی ہوگیا پولیس نے اس کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک پستول اوربڑی تعداد میں گولیاں اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کرلیا ہے۔علاوہ ازیں بی سیکشن پولیس تھانے کے ایس ایچ او اپنے پولیس اسٹاف کے ہمراہ معمول کے گشت پر تھے کہ جب سجاول روڈ پر آندھی موڑ کے مقام پر پہنچے تو روڈ پر مسلح ڈکیتی کے ارادے سے پہلے سے موجود 6مسلح ڈاکوؤں نے فرار ہونے کیلیے پولیس پر جدید اسلحے سے فائرنگ کی دونوں اطراف سے فائرنگ کے بعد ایک خطرناک ڈاکو واجد علی محمد آچر عرف آچو ببر شدید زخمی ہوگئے پولیس نے ان کو موقع پر حراست میں لیکر ان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول اور میگزین برآمد کرلیے ہیں۔اس سلسلے میں ایس ایس پی قنبر بشیر احمد بروہی نے پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایاکہ گرفتار ڈاکو اللہ ڈتو لغاری نے اپنے ایک مفرور ساتھی ڈاکو کانام ارباب ولد آچر ببر بتایا ہے جو کہ اس وقت کراچی کے سہراب گوٹھ کراچی کا رہائشی ہے جس کو جلد گرفتار کیا جائے گا جبکہ تینوں زخمی ڈاکو ضلع قنبر سمیت سندھ کے دیگر مختلف پولیس تھانوں کو مسلح ڈکیتی ، رہزنی ، منشیات ، غیر قانونی اسلحہ ایکٹ اور پولیس مقابلوں سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے جبکہ ان سے مزید تفتیش کرکے سندھ بھر کے تمام تھانوں سے ان کا باقاعدہ کرمنل ریکارڈ اکٹھے کیا جارہاہے تاکہ پولیس کو ان کی مکمل کرمنل ایکویٹی کا علم ہوسکے۔ انہوںنے مزید بتایاکہ پولیس کو انڈس ہائی ویز اور تمام قومی شاہراہوں پر دن رات ریڈ الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ مسلح ڈاکوؤں کی کسی بھی نقل وحرکت کو روکا جاسکے ۔ انہوںنے مقابلوں میں حصہ والی پولیس پارٹیوں کیلیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کاا علان کیا۔