بیت المقدس میں شدید جھڑپیں، 80 فلسطینی زخمی،60 گرفتار

12521
اسرائیلی اہل کار بیت المقدس میں نوجوان کو گرفتار کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر آبادکاروں سے جھڑپ کی ہے

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں 80فلسطینی زخمی ہوگئے، جب کہ قابض فوج نے 60افراد کو گرفتار کرلیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق پیر کے روز صبح سویرے اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں باب العامود ، شارع صلاح الدین ‘ جبل مکبر، سلوان، شیخ جراح اور دیگر علاقوں پر دھاوابولا اور فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا ۔ ہلال احمر کے ترجمان نے بتایا کہ امدادی کارکنوں نے بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے اطراف میں 62 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جب کہ 28زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ قابض فوج نے فلسطینیوں پر دھاتی گولیوں کا استعمال کیا اور مرچوں کا اسپرے کیا ۔ دوسری جانب عرب پارلیمان نے قابض اسرائیلی انتظامیہ کی جانب سے دہشت گردیہود اور رکن کنیسٹ کو مسجد اقصیٰ میں داخلے کے اجازت دینے کی شدید مذمت کی ہے۔ عرب پارلیمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے اسرائیل پر پابندی یقینی بنائے ورنہ خطے کی صورتحال بہت بگڑ جائے گی۔یاد رہے کہ اتوار کے روز انتہاپسند رکن کنیسٹ ایتمار بین گویر کی سربراہی میں سیکڑوں آبادکاروں نے مسجد اقصیٰ پر حملہ کرکے فلسطینیوں پر تشدد کیا تھا۔ اس دوران آبادکاروں نے پرچم بردار جلوس نکالا،جس کا وہ کئی روز پہلے ہی اعلان کرچکے تھے۔ 4ماہ کے دوران اسرائیلی فوج چھاپا مار کارروائیوں میں 32 نوجوانوں کو شہید کرچکی ہے۔