سری لنکا نے گھٹنے ٹیک دیے، ایشیا کپ کی میزبانی سے دستبردار

415

کولمبو(جسارت نیوز)سری لنکا کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کی منتقلی کے لیے درخواست کرنے کے لیے تیار ہو گیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق سری لنکن حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں شدید معاشی بحران کے باعث ایشیا کپ کی میزبانی ممکن نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ ایشین کرکٹ کونسل سے ایشیا کپ کی منتقلی کی درخواست کرے گا۔ایشیا کپ سری لنکا سے منتقل ہونے کی صورت میں متحدہ عرب امارات اور بنگلا دیش ممکنہ طور پر میزبانی کے لیے 2 مضبوط امیدوار ہیں۔اس حوالے سے چند روز قبل بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نظم الحسن کا بیان بھی سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ اگر سری لنکا سے ایشیا کپ منتقل ہوتا ہے تو بنگلا دیش ہی میزبانی کے لیے مضبوط امیدوار ہو گا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کا آسٹریلیا اور پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز منسوخ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے جبکہ بھارت کا سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ سے قبل2ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کا ارادہ ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کے ذریعے سری لنکن کرکٹ بورڈ کی مدد کرنا چاہتا ہے۔ یاد رہے کہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 27 اگست سے 11ستمبر تک سری لنکا میں شیڈول ہے۔