پاکستان ایٹمی قوت تو بن گیا معاشی قوت نہ بن سکا ، جاوید قصوری

283

لاہور (وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملک میں جو حکومت بر سر اقتدار آئی وہ نہلے پر دھلے ثابت ہوئی ہے۔ مہنگائی میں مسلسل اضافے کے باعث غریب عوام دو وقت کی روٹی اور علاج معالجے سے بھی محروم ہوچکے ہیں۔ پاکستان 1998میں ایٹمی قوت تو بن گیامگر معاشی قوت ہنوز نہ بن سکا۔ اس کو معاشی قوت بنانے کے لیے اسی اتحاد ویکجہتی کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں تقریب اور سیالکوٹ میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہو ش ربا اضافے کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مسائل عوام میں ذہنی تناؤ کا سبب بن رہے ہیں۔ جھوٹ کی سیاست اور مافیا نے ملکی معیشت کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے۔ ملک تباہی کا منظر پیش کررہا ہے اور منافع بخش اداروں میں کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے۔ ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے مہنگائی کا ایک نیا طوفان بر پا کردیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 300روپے تک اور ٹرین کے کرایوں میں 20فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت بھی آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے کے لیے تحریک انصاف کی حکومت کا ہی تسلسل ہے۔ ان لوگوں سے بھی خیر کی کوئی امید نظر نہیں آتی۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکومت کی عاقبت نا اندیش پالیسیوں اور آئی ایم ایف کی بڑھتی مداخلت سے تاجر برادری بھی شدید پریشان ہے۔ عوام کی قوت خرید ختم ہوکر رہ گئی ہے۔ ملکی معیشت جمود کا شکار ہے، اس کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔ وزیر اعظم ہاؤس کی مینٹینس کے لیے 40ارب روپے کی گرانٹ مختص کرنے کی خبریں تشویش ناک اور غریب عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔