یاسین ملک کی سزا پر بھارت کا سیاہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ، جاوید قصوری

238

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کشمیری رہنما یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی جانب سے عمر قید کی سزا پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا سیاہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔اوچھے ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کشمیر کو سبوتاڑ نہیں کیا جا سکتا۔کشمیر کا بچہ بچہ بھارت کے ظلم و ستم کے خلاف کھڑا ہو چکا ہے۔ثابت ہو گیا ہے کہ بھارت کی تمام کوششیں ناکام ہو گئیں ہیں اور وہ تحریک آزادی کو کبھی بھی خاموش نہیں کروا سکتا۔حکومت پاکستان عالمی عدالت سے رجوع کرے۔پاکستان کے 22کروڑ عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کی حفاظت کرنا ہر پاکستان کا فرض ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی واضح کرتی ہے کہ موجودہ اتحادی حکومت بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔پاکستان میں عملا ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی حکومت ہے۔ان کے اشاروں پر بجٹ بنتے اور انہی کے اشاروں پر اشیا کی قیمتیں متعین کی جاتیں ہیں۔ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص مایوس دکھائی دیتا ہے۔ہر دور حکومت میں نوجوانوں کو درپیش مسائل کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہے اس کو درپیش مسائل پر کسی حکومت نے سنجیدگی سے اقدامات نہیں کیے۔ ہر سال 8ہزار سے زائد تعلیم یافتہ افراد پاکستان سے ہجرت کرجاتے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو مایوس کیا ہے۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کی کل آبادی کا 60فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ جو قوم نوجوانوں کو نظر انداز کرتی ہے ان کا مستقبل روشن نہیں ہوسکتا۔ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے جہاں پاکستان کو قدرتی وسائل سے مالامال بنایا،وہاں افرادی قوت بھی عطا کی ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ اس افرادی قوت سے بھر پور انداز میں فائدہ اٹھایا جائے۔