سندھ اسکائوٹس کیجانب سے سید ممتاز علی شاہ کے اعزاز میں تقریب پذیرائی

319
third Differently Able Scouts Agnori

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی کمشنر و سابق چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی تقریب پذیرائی اسکائوٹ آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں چیف پیٹرن وسابق چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن، کراچی اوپن ڈسٹرکٹ کے اسکائوٹ کمشنرجسٹس (ر) حسن فیروز، سابق ڈپٹی چیف اسکائوٹ کمشنر پروفیسر معین اظہر صدیقی، صوبائی خازن محمد حسین مرزا، سابق ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز منسوب حسین صدیقی، سابق ڈائریکٹر لاڑکانہ پنیل شیخ اور سندھ کے تمام ڈویڑنل آرگنائزز، ڈسٹرکٹ سیکریٹریز اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی اسکائوٹ کمشنر سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں اسکائوٹس کی پروموشن میں محمد صدیق میمن نے اہم کردار ادا کیا ہے مجھے اسکائوٹنگ میں لانے کا سہرا بھی انہی کے سر جاتا ہے جبکہ آج سندھ اسکائوٹنگ پاکستان میںنمبر ون کی پوزیشن پر سید اختر میر کی وجہ سے ہے انہوں نے دن رات انتھک محنت کے ذریعے سندھ اسکائوٹس کو نمایاں مقام دلوایا ہے اور اب ہم انشاء اللہ سندھ اسکائوٹس کو عالمی سطح پر منوائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملازمت سے فارغ ہونے کے بعد اب میں اسکائوٹنگ کیلئے زیادہ وقت دوں گا تاکہ سندھ میں اسکائوٹنگ اور زیادہ پروان چڑھ سکے انہوں نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ چیف پیٹرن اور سابق صوبائی اسکائوٹ کمشنر محمد صدیق میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید ممتاز علی شاہ کے دور میں اسکائوٹنگ کے کئی اہم پروجیکٹس پائے تکمیل کو پہنچے ہیں جبکہ آئندہ سال ترقیاتی اسکیم میں بھی دو اہم پروجیکٹ شامل ہیں ہم حیدر آباد میں بھی کراچی کی طرح اسکائوٹ آڈیٹوریم بنانے جا رہے ہیں جبکہ کراچی میں گرلز کیلئے علیحدہ اسکائوٹس ہاسٹل بھی تعمیر کیا جائے گا۔ صوبائی اسکائوٹس سیکریٹری سید اختر میر نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے سندھ میں اسکائوٹس کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے اختتام پر جسٹس ( ر) حسن فیروز نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ڈویڑنل آرگنائزرز نے رپورٹ پیش کی۔تقریب میں سندھ بنک کے کلیم مصطفٰی اور غلام مصطفی، پاکستان ریلوے کے سید زاہد شاہ ، تمام ڈویڑنل آرگنائزرز اور ڈسٹرکٹ سیکریٹریز نے مہمان خصوصی سید ممتاز علی شاہ کو ہار پہنائے اور سندھی اجرک کا تحفہ پیش کیا اس موقع پر گلستان اسکائوٹس ٹریننگ سینٹر پر منعقدہ اسکائوٹس ووڈ بیج کورس کے شرکاء میں اسناد بھی پیش کی گئیں اور مہمانوں کو تحائف بھی پیش کئے گئے۔