شہر کی تمام مارکیٹوں کو محفوظ بنایا جائے ، کراچی چیمبر

265
صدرکراچی چیمبر محمد ادریس بولٹن مارکیٹ کے دورے کے موقع پر دکانداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد ادریس نے کراچی میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی سرگرمیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، اضافی نفری کی تعیناتی، اسنیپ چیکنگ اور گشت میں تیزی لاتے ہوئے کراچی کے تجارتی مارکیٹوں اور دیگر حساس علاقوں میںفول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنائیں ۔بولٹن مارکیٹ کے دکانداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے جہاں دو روز قبل ایک بم دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک خاتون راہگیر جاں بحق اور 10 دیگر زخمی ہو گئے تھے، صدر کے سی سی آئی نے یقین دلایا کہ کراچی چیمبر، پوری کاروباری اور صنعتی برادری کا حقیقی نمائندہ ہونے کے ناطے اس سنگین مسئلے کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ اُٹھا چکا ہے اور درخواست کی گئی ہے کہ شہر کی تمام تجارتی مارکیٹوں کو محفوظ بنایا جائے تاکہ دہشت گردوں کی ایسی سرگرمیوں کو مؤثر طریقے سے ناکام بنایا جا سکے اور کراچی کے کونے کونے میں امن و امان کی صورتحال مستحکم رہے۔محمد ادریس جو سینئر نائب صدر عبدالرحمن نقی، نائب صدر قاضی زاہد حسین اور دیگر کے ہمراہ تھے، انھوںنے کہا کہ بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے ساتھ ساتھ بگڑتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہیں جو صورتحال سے نمٹنے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں اور آج کل عوام کی مشکلات میں مزید شدت آگئی ہے کیونکہ شہر میں 21 دنوں کے اندر تین دہشت گرد حملے ہوچکے ہیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کو مؤثر طریقے سے روکنے اور کراچی والوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کراچی کی سڑکوں کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی تمام حکمت عملیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی۔