امریکا کو دشمن نہیں سمجھتے‘ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں،کابل

209

کابل(صباح نیوز)افغانستان کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے کہا کہ وہ سفارتی ضابطوں اور بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق امریکا کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔ اور افغان امریکا کو فی الحال دشمن کی نگاہ سے نہیں دیکھتے۔ سراج الدین حقانی نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہاکہ ایک قوم کے طور پر ہم خود کو بین الاقوامی برادری کا حصہ سمجھتے ہیں اور امریکا سمیت تمام ملکوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔جب سی این این کی نامہ نگار کرسٹیانا امانپورنے سراج الدین حقانی سے سوال کیا کہ کابل اور افغانستان کے دیگر شہروں کی دیواروں پر اس طرح کے جملے درج ہیں کہ افغانوں نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کو شکست دے دی تو کیا وہ اب بھی امریکا کو دشمن سمجھتے ہیں؟ حقانی نے اس کے جواب میں کہاکہ طالبان دوحا معاہدے پر عمل کرنے کے وعدے پر قائم ہیں اور جب ایک بار اس پر دستخط ہوگئے اور جنگ بندی نافذ ہوگئی تو پھر دشمنی، شکست، جنگ اور اس طرح کی دوسری چیزوں کا سوال ہی کہاں رہ جاتا ہے ۔ ہم دوحا معاہدے کی پاسداری کر رہے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں افغان وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کو یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہماری سرزمین کسی کے لیے خطرہ نہیں بنے گی۔افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کے حوالے سے جب سی این این کی نامہ نگار نے سراج الدین حقانی سے سوال کیا تو انہوں نے کہاکہ میں اس حوالے سے وضاحت کرنا چاہوں گاکہ کوئی بھی خواتین کی تعلیم کے خلاف نہیں ہے۔اس سلسلے میں آپ کو جلد ہی ایک اچھی خبر سننے کو ملے گی۔