سود، قرضوں، کرپشن نے ملک کو تباہی اور دیوالیہ پن کے کنارے پر پہنچادیا ہے، لیاقت بلوچ

548

اسلام آباد:نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں عوامی افطار اور یومِ آزادی القدس سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 رمضان المبارک کو پاکستان کا قیام اور وفاقی شرعی عدالت کا سود کے خاتمہ اور سود سے پاک معاشی نظام کے لیے متفقہ فیصلہ تاریخ ساز اقدامات ہیں۔

پاکستان کو قراردادِ مقاصد اور آئینِ پاکستان کے مطابق چلایا جائے تو پاکستان مثالی اسلامی اور باوقار خودمختار ریاست بن سکتا ہے۔ ملک اقتصادی بحرانوں سے دوچار ہے۔ سود، قرضوں، کرپشن نے ملک کو تباہی اور دیوالیہ پن کے کنارے پر پہنچادیا ہے۔ حکومت کو وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ سے فرار کا نہیں ملک و ملت کی طاقت کا ذریعہ بنایا جائے۔ 5 سال کی مدت میں سود کے خاتمہ کا مرحلہ وار روڈ میپ پر وزیراعظم میاں شہباز شریف ماضی کی حکومتوں کی غلطیوں اور گناہوں کا ازالہ کریں

اور خودانحصاری، خودداری، اپنی قوم پر اعتماد کا اسلامی معاشی نظام لائیں۔ اِسی بنیاد پرعالمی مالیاتی اداروں سے ڈائیلاگ کریں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ فلسطین اور ریاست جموں و کشمیر پر اسرائیلی صیہونیت اور ہندوستان کا ناپاک، ناجائز قبضہ ہے۔ فلسطین کی آزادی اور قبلہ اول کی صیہونت سے بازیابی پوری اُمت پر فرض ہے۔

پاکستان سے فلسطین کی آزادی کے لیے مضبوط آواز اٹھنا اس لیے ضروری ہے کہ یہ مقدمہ کشمیر کو عالمی محاذ پر طاقت دیتا ہے۔ کشمیر اور فلسطین کی آزادی سے ہی عالمی امن آئے گا اور مظلوم عوام کی دادرسی ہوگی۔ امریکا، یورپ نے اسرائیل کو ناجائز سرپرستی دے کر عالمی امن تباہ کردیا ہے۔ جنگ، طاقت اور زور زبردستی سے اقوام کو غلام نہیں بنایا جاسکتا۔

افغانستان کے عوام نے عالمی استعماری قوتوں کو بار بار شکست دی ہے۔ کشمیراور فلسطین کی آزادی نوشتہ دیوار ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ قومی سیاست میں شدت، نفرت، انتہاپسندی اور زہریلی پولرائزیشن ملکی سلامتی اور قومی وحدت کے لیے خوفناک اور خطرناک بن گئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ اور حکمران جماعتوں نے سیاست، پارلیمنٹ اور جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

عمران خان شدت، انتہا پسندی اور نفرتوں کی آگ بھڑکارہے ہیں۔ یہ آگ خود انہیں اپنی لپیٹ میں لے گی۔ قومی ڈائیلاگ، قومی ترجیحات، انتخابی اصلاحات اور جلد از جلد شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات ہی بحرانوں کا حل، وگرنہ سیاست کی آگ سب کے ہاتھ جلادے گی، کسی کے ہاتھ کچھ نہیں رہے گا۔