سردار تنویر الیاس آزاد کشمیر کے 14 ویں وزیر اعظم منتخب،حلف اٹھا لیا 

431
پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش ہے، سردار تنویر الیاس خان

اسلام آباد:سردار تنویر الیاس خان آزاد کشمیر کے 14 ویں وزیر اعظم منتخب ہوگئے ہیں، پیر کے روز انہوں نے اپنے منصب کا حلف اٹھا لیا۔ تنویر الیاس کا تعلق آزادکشمیر میں راولاکوٹ کے علاقے بنگوئیں سے ہے،1974 میں راولاکوٹ کے نواحی علاقے بنگوئیں میں گاوں ڈھکی میں آنکھ کھولی۔

ابتدائی تعلیم بنگوئیں میں حاصل کی، بعد ازاں انہوں نے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز ڈگری حاصل کی جبکہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے ایل ایل بی کرنے سمیت جرنلزم میں بھی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔دی سینٹورس، تاج ریزیڈینشیا جیسے سٹیٹ آف دی آرٹ جیسے کامیاب منصوبوں کے پیچھے ان کی ہی پلاننگ ہے۔ 2009ءمیں مسلم لیگ ق نے سردار تنویر الیاس خان کوسینٹ کا ممبر بنانے کیلئے نامزد کیا

تھا تاہم اس وقت حکومتی عدم استحکام پیدا ہونے کی وجہ سے تنویر الیاس نے سینٹ الیکشن میں حصہ نہیں لیا تھا، 2018ءمیں تنویر الیاس نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیارکی۔سردارتنویر الیاس خان کو 2018ءکے عام الیکشن کے دوران پنجاب کی عبوری کابینہ کا حصہ بنایا گیا تھا جس میں ان کے پاس زراعت، لائیو اسٹاک، آبپاشی سمیت آٹھ مختلف وزارتیں تھیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے 13 جنوری 2019 کو سردار تنویر الیاس کو پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کا چیئرمین تعینات کیا تھا، 14 اکتوبر 2020ءکو سردار تنویر الیاس خان کوپنجاب کابینہ کا حصہ بناتے ہوئے کاروبار، سرمایہ کاری اور تجارت کے امور کیلئے معاون خصوصی تعینات کیا۔ 25 جولائی 2021ء کو ہونے والے انتخابات میں پی ٹی آئی نے واضح اکثریت حاصل کی اور مجموعی طور پر 53 کے ایوان میں اس جماعت کے 32 ممبران ہیں۔

اگست 2021ءکے دوسرے ہفتے میں پارٹی چئیرمین عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم اور سردار تنویر الیاس خان کو پارٹی صدر بنانے سمیت موسٹ سینئر وزیر تعینات کیا تھا۔ 12 اپریل کو اپنے ہی وزراءاور اراکین اسمبلی نےقیوم نیازی پر عدم اعتماد کرتے ہوئے تحریک اسمبلی سیکرٹریٹ میں پیش کرتے ہوئے پارٹی صدر سردار تنویر الیاس خان کو عمران خان کی منظوری کے بعد نیا قائد ایوان نامزد کیا۔