باڈہ: بھتا نہ دینے اور موت کی دھمکی پر تاجروں کا احتجاج

89

باڈہ (پ ر) موئن جو دڑو ائرپورٹ روڈ پر ریجنٹ رائس مل کے مالک کیلاش کمار کو بھتا خوروں کی جانب سے بھتا نہ دینے کی صورت میں موت کی دھمکیاں دینے کے خلاف دیوان کمیونٹی اور باڈہ شہر کی سیاسی سماجی جماعتوں کے رہنماؤں کی طرف سے احتجاج کیا گیا۔ احتجاج میں سیاسی، سماجی شخصیات کے ساتھ رائس مل میں کام کرنے والے ملازمین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی جس کی وجہ سے روڈ مکمل طور پر بند ہوگیا۔ اس موقع پر کیلاش کمار، تارا چند، راجکمار، ہیرا لال اور دیگر کا کہنا تھا کہ شہر میں پولیس کی سست کارروائیوں کی وجہ سے بھتا خوروں کو کوئی خوف نہیں رہا، سرعام کاروباری لوگوں سے بھتا مانگتے ہیں نہ دینے کی صورت میں جان سے ہاتھ دھونا پڑتا ہے۔ اس سے پہلے بھی باڈہ میں دیوان برادری کا نوجوان بھتا نے دینے کی وجہ سے موت کے گھاٹ اُتار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کیلاش کمار کو ملنے والی دھمکیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے ایس ایس پی لاڑکانہ سے اپیل کرتے ہیں کہ باڈہ شہر میں امن امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔ دوسری جانب باڈہ شہر کے پیارو خان ساریو محلے میں معزز استاد علی دوست کھوکھر کے گھر کے باہر کھڑی موٹرسائیکل چابی چور باآسانی چوری کرکے فرار ہوگئے جس کی وجہ سے چیمبر آف کامرس اور شہریوں کی جانب سے حیدر چوک پر دھرنا دیا گیا اور شدید نعرے بازی کی گئی۔