زکوٰۃ،صدقات وعطیات الخدمت کو دیں، حافظ نعیم کی اپیل

279

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اپیل کی ہے کہ عوام زکوٰۃ،صدقات اور عطیات الخدمت کو دیں۔الخدمت پاکستان اور پاکستان سے باہر خدمات کی ایک تاریخ رکھتی ہے اور زندگی کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جس میں یہ لوگوں کی خدمت نہ کر رہی ہو۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الخدمت نے زلزلوں اور سیلاب کے دنوں میں بھی کام کیا اور متاثرین کو ہزاروں گھر تعمیر کرکے انہیں چھت فراہم کی۔بارشوں اور کورونا کی وباء کے دوران بھی مثالی کام کیے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت صحت،تعلیم،مواخات،صاف پانی،کفالت یتامیٰ،سماجی خدمات،ٖڈیزاسٹر مینجمنٹ کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ کراچی میں شہر یوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے 50واٹر فلٹریشن پلانٹ کام کر رہے ہیں،جہاں عالمی معیار کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھاکہ الخدمت اسپتال اور ڈائیگنو سٹک سینٹرز لوگوں کو ارزاں نرخوں پر صحت کی جدید اور معیاری سہولتیں فراہم کرنے میں مصروف ہیں،کورونا کے دنوں میں اپنے اسپتالوں میں ویکسینیشن سینٹرزقائم کیے جبکہ موبائل یونٹ کے ذریعے ہزاروں شہریوں کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔ناظم آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ  ڈائیگنو سٹک لیبار ٹری قائم کی جا رہی ہے،جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں کلیکشن پوائنٹس بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاالخدمت یتیم بچوں کی ان کے گھروں پر ساڑھے 4ہزارروپے ماہانہ اور54ہزارروپے سالانہ سے کفالت کر رہی ہے جبکہ یتیم بچوں کیلئے آغوش ہوم بھی تعمیر کیا گیا ہے، جہاں باہمت یتیم بچوں کو رہائش کے ساتھ خوراک،معیاری دنیاوی ودینی،کمپیوٹر کی تعلیم دی جارہی ہے،جبکہ انہیں کھیل کود اور تفریح کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیونٹی سروسز کے تحت الخدمت کے پاس میت گاڑی کا سب سے بڑا فلیٹ موجود ہے۔ہرسال ماہ رمضان میں لاکھوں لوگوں کوراشن کی فراہمی،مرغی کے گوشت کی ضرورت مندوں تک فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے،رواں ماہ رمضان بھی لاکھوں افراد تک راشن پہنچایا جا رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الخدمت بے روزگار نوجوانوں کو ہنر سکھا رہی ہے تاکہ وہ ہنر سیکھ کر اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں جبکہ مواخات پروگرام کے ذریعے بے روزگاروں کو چھوٹے قرضے دیئے جاتے ہیں تاکہ بے روز گار لوگ اپنے پیروں پر کھڑے ہوں اور اپنے خاندان کی کفالت کیلئے باعزت روز گار کما سکیں۔انہوں نے کہا کہ الخدمت نے اسرائیلی جنگ سے ہونے والی تباہی سے متاثرہ فلسطینی مسلمانوں کو بھی ترک تنظیموں کی معاونت سے بھر پورمددد کی۔

 انہوں نے کہاکہ عطیات براہ راست جمع کرانے کیلئے alkhidmat.comیاگھربیٹھے عطیات بھجوانے کیلئے 021-111-503-504پر رجوع کیا جا سکتا ہے۔