امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا کا مشترکہ طور پر ہائپرسونک ہتھیاروں کی تیاری کا عزم

226

واشنگٹن: امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا کے اتحاد نے ہائپرسونک ہتھیاروں اور’’الیکٹرانک جنگی صلاحیتوں ‘‘میں قریبی آپسی تعاون کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام بحرالکاہل کے علاقے میں چین کے فوجی اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کی ایک کوشش ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا نے کہا کہ وہ ہائپرسونک ہتھیاروں اورالیکٹرانک جنگی صلاحیتوں جیسے دفاعی معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔امریکی صدر جو بائیڈن، برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے آکس نامی نئے معاہدے کے تحت اس اہم فیصلے کا اعلان کیا۔ امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا نے گزشتہ برس ستمبر میں یہ نیا سہ فریقی اتحاد قائم کیا تھا۔ان رہنمائوں کی جانب سے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ تینوں ممالک، ہائپرسونکس، ہائپرسونکس شکن، اور الیکٹرانک جنگی صلاحیتوں پر نئے سہ فریقی تعاون کے آغاز کے ساتھ ہی، معلومات کے تبادلے کو فروغ دینے اور دفاعی اختراع پر تعاون کو مزیدگہرا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ جیسے جیسے ہمارا کام ان امور پر اور دیگر اہم دفاعی اور سیکورٹی صلاحیتوں پر آگے بڑھتا جائے گا، ہم اپنے اتحادیوں اور دیگر قریبی شراکت داروں کو اس میں شامل کرنے کے مواقع تلاش کرتے رہیں گے۔