کشیدگی کا ذمہ دار اسرائیل ہے، اقوام عالم نوٹس لے، فلسطینی وزیر اعظم

308

مقبوضہ بیت المقدس: فلسطین کے وزیر اعظم محمد اشتیہ نے کہاہے کہ اسرائیل علاقے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذمہ دار ہے اور اقوام عالم نوٹس لے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فلسطین کے وزیر اعظم محمد اشتیہ نے اسرائیل کو، حالیہ دنوں میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذمہ دار ٹھہرایا اور بین الاقوامی برادری سے اپنی ذمہ داری پوری کرنے کی اپیل کی ۔وزیر اعظم محمد اشتیہ نے کابینہ اجلاس کے افتتاحی خطاب میں حالیہ دنوں میں علاقے میں بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے قتل، تشدد اور جرائم کے ارتکاب کے لئے آبادکاروں کی حوصلہ افزائی جیسے اقدامات علاقائی سلامتی اور استحکام کے لئے شدید خطرہ ہیں۔وزیر اعظم اشتیہ نے کہا کہ اسرائیل کے تحریکی اقدامات کو روکنے کے لئے بین الاقوامی برادری کو مداخلت کرنی چاہیے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کو ہلاک کرنے کے لئے فلسطینی ایک ٹائم بم ہیں کی اصطلاح استعمال کررہا ہے اور اس نوعیت کے بیانات ایک خطرناک کشیدگی کا اشارہ دے رہے ہیں۔وزیر اعظم محمد اشتیہ نے کہا کہ علاقے میں کشیدگی میں اضافے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سنجیدہ نتائج کا ذمہ دار اسرائیل ہو گا۔