قیام پاکستان سے آج تک ہمارا کاشتکار معاشی بدحالی کا شکار رہا ہے

123

فیصل آباد(جسارت نیوز)کسان بورڈ کے ضلعی صدر علی احمدگورایہ نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی صورتحال نے عام آدمی کے ساتھ کسانوں کو بھی شدید پریشانی میں مبتلاکردیاہے،پی ٹی آئی کی حکومت کسانوں کی خوشحال کرنے کے کا دعوے کرتے ہوئے حکومت چھوڑ کربھاگ گئی ہے، عمران خان نے اقتدارمیں آنے سے قبل کسانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کے نام پر کسانوں سے ووٹ حاصل کیے اوراپنے ادھورے دوراقتدارمیں کسانوں کو مزیدبے حال کرکے حکومت چھوڑ کر بھاگ گئے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے جس کی آبادی کا غالب حصہ شعبہ زراعت سے وابستہ ہے۔ قیام پاکستان سے آج تک ہمارا کاشتکار معاشی بدحالی کا شکار رہا ہے۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ہماری حکومتیں زراعت کی ترقی کیلیے اپنا کردار ادا کرتیں تاکہ ملک زرعی شعبہ میں خود کفالت کی منزلیں طے کرتا۔ آج ہمارا ملک تیلدار اجناس جیسی بنیادی غذائی فصلیں درآمد کے بجائے دوسرے ممالک کو برآمد کر رہا ہوتا افسوس ایسا نہ ہوسکا۔ حکومتی پالیسیوں اور دیگر عوامل کے باعث کسان بطور خاص چھوٹے کاشتکار زراعت سے دور ہوتے چلے جا رہے ہیں جس کے منفی اثرات ابھی سے ہمارے سامنے آ رہے ہیں۔ اور مستقبل میں اگر یہ رجحان برقراررہا تو ہماری آنے والی نسلوں کو اس سے بھی زیادہ خوفناک غذائی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔