جماعت اسلامی کا مہنگائی، لاقانونیت اور لوڈشیڈنگ کے خلاف عوامی مارچ 

495
against inflation

پشاور: ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، افلاس، مہنگائی اور بجلی و گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی پشاور کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان مارچ منعقد ہوا جو کہ نشتر آباد سے ہوتا ہوا جی ٹی روڈ ہشتنگری میں اختتام پذیر ہوا۔

مارچ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے اکابرین عتیق الرحمن، بحراللہ خان ایڈوکیٹ، حافظ حشمت، خالد گل مہمند،نادر خان اور حاجی طاہر زرین خان پارلیمانی لیڈر سٹی کونسل نے صوبائی اور مرکزی حکومت کے اقدامات اور پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔

مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کی لڑائی میں عوام کا بیڑا غرق ہوگیاہے۔ پاکستان میں تمام اقتصادی اور معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف کی ایما پر بنائی جارہی ہے جس کی وجہ سے عوام پس کر رہ گئے ہیں اور اب آئی ایم ایف کے کہنے پر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے مزید ٹیکس کٹوتیاں کی جائیں گی ۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 101ڈالر فی بیرل تک کم ہوگئی ہے لیکن عوام کو اس کا فائدہ نہیں پہنچایا جارہا ۔پشاور کے معتدل موسم کے باوجود بھی گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے ۔اوپر سے رہی سہی کسر یوٹیلٹی بلزمیں ہوش ربا اضافے نے پوری کردی ہے ۔فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے بجلی کی قیمتیں آسمان تک جا پہنچی ہیں۔ پشاو ر کے شہری پینے کے صاف پانی کے لیے ترس گئے ہیں۔ پانی کے تمام پائپوں میں گندی نالیوں کا پانی مل کر شہریوں کی صحت کو تباہ کررہا ہے پشاور کی تمام سٹرکیں اور گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں تمام روڈز گرد و غبار کی وجہ سے اٹ چکے ہیں۔

بجلی کی جا بجا لٹکتی ہوئی تاریں شہریوں کے لیے سوہانِ روح بن چکی ہیں۔پشاور کے تمام مقامی پارک گندگی اور غلاظت کا ڈھیر اختیار کرچکے ہیں۔ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر ان تمام مسائل کو حل کرنے کے لئے بھر پور کوششیں کرتی رہے گی۔