کراچی ایئرپورٹ پر غیر ملکی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

497

کراچی: ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئرلائن کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ، طیارے کے کارگو میں دھویں کی اطلاع پر طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ائیر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ نے کراچی ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئرلائن کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

قطر ایئر ویز کی پرواز کیو آر 579دہلی سے دوحہ جارہی تھی کہ طیارے کے کارگو میں اسموگ کی اطلاع پر طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا تھا، اسموگ کی وجہ سے مسافروں کے 2 بیگ متاثر ہوئے اورکنٹینر کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ایئرپورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ اے اے آئی بی تمام پہلووں کی جانچ کر رہی ہے، ائیر وردننس نے طیارے کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد طیارے کو اڑان بھرنے کی اجازت دی اور طیارہ بغیر مسافروں کے کراچی سے دوحہ روانہ کیا گیا۔

یاد رہے دہلی سے دوحہ قطر جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کیو آر579 نے کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی ، پرواز میں12 کریوممبرز اور 283مسافر سوار تھے۔ذرائع کے مطابق کپتان کو طیارے کے کارگو ہولڈ میں اسموک سگنل ملا، ایمرجنسی کی صورت میں پائلٹ کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ اے ٹی سی سے لینڈ کرنے کی اجازت طلب کی گئی تھی، جس پر ایئرپورٹ ایئر ٹریفک کنٹرولر نے جہاز کو لینڈ کرنے کی اجازت دی۔ بحفاظت لینڈنگ کے بعد طیارے کوپارک کروا کر مسافروں کو ٹرانزٹ لانج میں شفٹ کیا گیا، مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے روانہ کیا گیا۔