وزیراعظم کا منحرف ارکان کے لئے معافی کا اعلان

442

مالاکنڈ:وزیراعظم عمران خان نے اپنے منحرف اراکین کو پارٹی میں واپس آنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو ارکان غلطی کر بیٹھے ہیں واپس آجائیں، میں آپ کو معاف کردوں گا، آپ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائےگی۔

عمران خان نے کہا کہ  پارٹی کا سربراہ باپ کی طرح ہوتا ہے،اپنے بچوں کی خاطر ایسی غلطی نہیں کریں، ووٹ بیچ کر آپ بدنام ہوجا ئیں گے، تین غلاموں نے باہرکے لوگوں کے پاﺅں پکڑکر سازش کی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ  تینوں غلام میری بات سن لیں، تم لوگ میچ بری طرح ہارنے والے ہو،یہ تینوں ملک سے وہ کرنے جارہے ہیں جو دشمن بھی نہیں کرتا،عوام کا پیسہ چوری کرکے حکومت بچانے سے بہتر ہے کہ میری حکومت چلی جائے، پیسے دیکر، رشوت دیکر اپنی حکومت بچانے پر لعنت بھیجتا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں فیصلہ کن وقت آچکا ہے، ایک طرف ملک کے نامور ڈاکو اکٹھے ہوگئے، دوسری طرف ان کے خلاف 25سال سے جدوجہد کرنے والا شخص ہے،اللہ کا حکم ہے کہ برائی کے خلاف اور اچھائی کے ساتھ کھڑے ہوجاﺅ، یہ نہیں کہا کہ نیوٹرل رہو، قوم کو خوش خبری دینا چاہتا ہوں کہ جس طرح کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا ،اسی طرح تحریک عدم اعتماد کے مقابلے میں بھی ہماری کامیابی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہاکہ ن لیگ نے تو آصف زرداری کو چوری پر 2بار جیل میں ڈالا، پیپلزپارٹی نے تو نوازشریف پر چوری کے کیس بنائے، فضل الرحمن کو ڈیزل کا خطاب تو ن لیگ نے دیا ،آج یہ سب میرے خلاف اکٹھے ہوگئے۔

 عمران خان نے کہا کہ یہ ملک کے ساتھ وہ کرنا چاہتے ہیں جو دشمن بھی نہیں کرسکتا، معاشرہ جنگ ہارنے سے نہیں، اخلاقیات تباہ ہونے سے ختم ہوتا ہے، اللہ تعالی نے ہمیں حکم دیا ہے اچھائی کا ساتھ دو اور برائی کیخلاف جہاد کرو، یہ لوگوں کے چوری کے پیسے سے لوگوں کے ضمیر خرید رہے ہیں، قوم کی جب اخلاقیات ختم ہوجائے تو وہ محنت کرنا چھوڑ دیتی ہے۔