شمالی کوریا کا نیا میزائل تجربہ غالبا ناکام رہا، جنوبی کوریا

548
شمالی کوریا کا نیا میزائل تجربہ غالبا ناکام رہا، جنوبی کوریا

سیول: جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے ایک اور نامعلوم قسم کا میزائل لانچ کرنے کی کوشش کی تاہم لگتا ہے کہ وہ ناکام رہا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق جاپان کی وزارت دفاع نے بدھ کی صبح شمالی کوریا کی جانب سے ایک مشتبہ میزائل لانچ کی اطلاع دی تاہم جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے اس پر اپنے فوری رد عمل میں واضح کیا کہ اس کے خیال میں یہ تجربہ شاید ناکام ہو گیا۔جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف (جے سی ایس)نے ایک بیان میں کہاکہ شمالی کوریا نے بدھ کی صبح ساڑھے نو بجے کے قریب سونان کے علاقے سے ایک نامعلوم پروجیکٹائل فائر کیا، لیکن ایسا لگتا ہے کہ یہ لانچنگ کے فورا بعد ہی ناکام ہو گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکہ اور جنوبی کوریا کے تجزیہ کار اس کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔جاپانی کابینہ کے چیف سیکرٹری ہیروکازو ماتسونو نے صحافیوں کو بتایا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ تجربے کے طور پر بیلیسٹک میزائل فائر کرنے کی کوشش کی گئی تھی یا نہیں۔