اسرائیلی سرکاری ادارے ہیکروں کے نشانے پر ، ویب سائٹس بند

374
اسرائیل کی سرکاری ویب سائٹس پر سائبر حملہ، سروس کئی گھنٹے معطل رہی

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) نامعلوم ہیکروں نے اسرائیلی سرکاری اداروں کو نشانے پر رکھ لیا،جس کے بعد اہم ادارے مفلوج ہوکر رہ گئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق سائبر حملے میں وزارت عظمیٰ داخلہ، انصاف، صحت اور دیگر اہم شعبے شدید متاثر ہوئے۔ یروشلم پوسٹ کے مطابق یہ کارروائی مبینہ طور پر ایران سے وابستہ ایک ہیکر گروپ نے کی ہے۔ سائبر حملے کے باعث وزارت صحت، داخلہ اور انصاف کی وزارتوں کے ساتھ ساتھ کچھ وقت کے لیے وزیر اعظم کا دفتر بھی بند ہو کر رہ گیا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ چند ویب سائٹیں بحال کر دی گئی ہیںاور آہستہ آہستہ تمام سرگرمیاں معمول پر آرہی ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ اسرائیل کے خلاف ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا سائبر حملہ ہے۔ نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔دوسری جانب ایران کے سرکاری ٹی وی نے ایک بیان میں کہا کہ ایران نے اپنے فردو کے جوہری پلانٹ پر ہونے والے حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔ ایران ماضی میں ملک کی جوہری تنصیبات پر ہونے والے حملوں کا الزام اسرائیل پر عائد کرتا رہا ہے۔ گزشتہ برس ایران کے نطنز جوہری پلانٹ میں ایک دھماکا ہوا تھا ، جس سائبر حملے کا نتیجہ قرار دینے کی کوشش کی گئی تھی۔