بوڑھوں، موٹاپے میں مبتلا لوگوں اور جوڑوں کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے طبی ماہرین  کا مفید مشورہ

430
بوڑھوں، موٹاپے میں مبتلا لوگوں اور جوڑوں کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے طبی ماہرین  کا مفید مشورہ

کراچی: ماہرین صحت نے کہاہے کہ بوڑھوں، موٹاپے میں مبتلا لوگوں اور جوڑوں کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے بہترین اور محفوظ ایکسرسائز چہل قدمی کی ہے۔

ماہرین کے مطابق دونوں ہاتھوں کو حرکت دیتے ہوئے چہل قدمی کرنا کیلوریز کو جلانے کے لیے مثالی طریقہ کار ہے۔اگر چہل قدمی کرنے والا انسان بازئوں، کمر اور سینے کو حرکت دیتے ہوئے چلے گا تو یہ اس کے لیے بے حد مفید ہوگا۔امریکا میں ہونے والی ایک نئی تحقیق میں یہ اہم بات معلوم ہوئی ہے کہ اگر روزانہ زیادہ سے زیادہ قدم پیدل چلا جائے تو درمیانی عمر کے افراد میں موت کی شرح نمایاں حد تک کم ہو سکتی ہے۔

میساچوسٹس یونیورسٹی کے انسٹیٹوٹ فار اپلائیڈ سائنسز کے ماہرین نے جسمانی سرگرمیوں کے اثرات کی جانچ پڑتال کے لیے ریسرچ اسٹڈی کی۔تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ کم از کم 7 ہزار قدم چلنا مختلف امراض سے موت کا خطرہ 50 سے 70 فی صد تک کم کر سکتا ہے۔تحقیق کے مطابق درمیانی عمر میں جسمانی طور پر زیادہ متحرک رہنا دل کی شریانوں سے جڑے امراض سے موت کا خطرہ نمایاں حد تک کم کرتا ہے، ایسا مانا جاتا ہے کہ جسمانی سرگرمیاں متعدد بیماریوں جیسے دل کی شریانوں کے امراض، ذیابیطس اور کینسر کی اقسام سے تحفظ فراہم کرتی ہیں۔

محققین نے تحقیق میں قدموں کی تعداد کو مدنظر رکھا اور روزانہ قدموں کی تعداد اور مختلف امراض سے موت کے خطرے میں کمی کے درمیان واضح تعلق کو دریافت کیا۔