آسٹریلیا سے خوفزدہ ہونے کا تاثر درست نہیں، بابراعظم

319
آسٹریلیا سے خوفزدہ ہونے کا تاثر درست نہیں، بابراعظم

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے ہم آسٹریلیا سے ڈر رہے ہیں اور پنڈی ٹیسٹ کی وکٹ آسٹریلیا سے ڈر کر بنائی گئی۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے آئن لائن پریس کانفرنس میں کہا کہ آسٹریلیا مضبوط ٹیم ہے مہمان ٹیم کیخلاف کامیابی بہت ضروری ہے، پنڈی ٹیسٹ میں انفرادی اور بحیثیت ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی، تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

بابراعظم نے کہا کہ ہرجگہ کھیلنے کی کنڈیشنز مختلف ہوتی ہیں۔نیشنل اسٹیڈیم کی کنڈیشنز بھی قدرے مختلف ہیں۔ کراچی کے گرم موسم میں دوسرا ٹیسٹ جیتنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کراچی کی وکٹ اسپنرز کے لیے معاون ثابت ہوگی، نتیجہ ہمارے خلاف بھی آیا تو کچھ نہیں ہوگا لیکن ہم چاہتے ہیں کہ کراچی ٹیسٹ کا فیصلہ ہمارے حق میں آئے۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کو بھی سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، فاسٹ بولرحسن علی کی واپسی خوش آئند ہے وہ ہمارے اہم بولر ہیں،کراچی ٹیسٹ کے لیے فائنل الیون تیار کرلی ہے تاہم ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام نہیں بتا سکتا، کراچی ٹیسٹ کیلئے پلیئنگ الیون میں تبدیلی ہوگی، دو اہم کھلاڑی واپس آئے ہیں، آج مزید وکٹ کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کریں گے، وکٹ جیسی بھی ہو اس پر پرفارم کرنا زیادہ اہم ہوتا ہے، اچھے نتائج کے لیے بطور ٹیم کھیلنا بہت ضروری ہوتا ہے۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ یہ تاثر بھی غلط ہے کہ پاکستانی بیٹسمین سست کھیلے، یہ کسی نے نہیں دیکھا کہ عبداللہ شفیق اور امام الحق کم بیک کررہے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کے جس اسپنر کا ڈیبیو ہورہا ہے اس کو دیکھا نہیں، اس کی ویڈیو دیکھ کر تیاری کریں گے۔