قوم کوگھبرانا نہیں کہنے والے خود گھبرا گئے، مرتضیٰ وہاب

290

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ترجمان سندھ حکومت، مشیر قانون اور ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جو کہتے تھے کہ گھبرانا نہیں ہے وہ خود بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ کا شکار ہیں۔ وزیراعظم جن سے ملتے نہیں تھے اب ان ارکان کو بھی ملاقات کے لیے بلاوے بھیج رہے ہیں۔جن جماعتوں اور اراکین کا پوچھا نہیں جاتا تھا اب ان سے ملاقاتیں شروع کردی گئی ہیں۔ علیم خان سے ماضی میں پوچھ بھی نہیں رہے تھے ان کو بھی بلایا جا رہا ہے۔ سندھ اسمبلی بلڈنگ کے میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخاب میں پی ٹی آئی نے سوچا کہ مزید بے عزتی برداشت نہیں کی جاسکتی۔ آج یہ سیٹ پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو کی ہو جائے گی۔ عوامی مارچ نے پی ٹی آئی کو ایکسپوز کر دیا اب یہ پاکستان تحریک انتشار بن گئی ہے۔ ان کی صفوں میں اتحاد نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اسپیکر جلد قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کریں گے اور اراکین کو ان کا حق دیں گے۔ ان کے جانے کی گنتی گنی جاچکی ہے۔