طالبات کے لیے علیحدہ تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں‘ اسما اعجاز

299

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسلامی جمعیت طالبات پاکستان کی ناظمہ اعلیٰ اسما اعجاز نے کہا ہے کہ معاشرے میں خواتین کے تقدس کی بحالی کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات کیے جائیں ،طالبات کے لیے علیحدہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لایا جائے،خواتین کے خلاف جرائم کے مرتکب عناصر کی سرکوبی ،صحت اور نوکریوں کے بہتر اور محفوظ مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں، انہوں نے کہاکہ خواتین معاشرے کا قابل احترام حصہ ہیں، ان کی عزت کی حفاظت معاشرے کے ہر فرد کی ذمے داری ہے، اسلام نے مرد و عورت کے لیے معاشرے میں جو حقوق و فرائض متعین کیے ہیں اگر ان پر عمل پیرا ہوجائیں تو خواتین کے مسائل جود بخود حل ہوجائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ عورت خاتون خانہ بھی ہے اور ورکنگ ویمن بھی ،مرد و زن کی دنیا میں شانہ بشانہ چلنے کی خواہش و ترغیب نے عورت کو دنیا کی اسٹیج پر تنہا کھڑا کر دیا، اسلامی جمعیت طالبات کی ہر کارکن طالبات کو ان کی اصل پہچان اور مقصد زندگی سے روشناس کرانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔