قیدی عورتوں کے بھی حقوق ہوتے ہیں،انہیں یاد رکھا جائے، ڈاکٹر فوزیہ

484
قیدی عورتوں کے بھی حقوق ہوتے ہیں،انہیں یاد رکھا جائے، ڈاکٹر فوزیہ

کراچی:قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ قیدی عورتوں کے بھی انسانی حقوق ہوتے ہیں آج انہیں بھی یاد رکھا جائے۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا تھاکہ وہ عورتیں جو بے گناہ قید کر لی گئیں ہیں ایک انسانی المیہ ہے۔ عافیہ بھی ایک بے گناہ قیدی ہے۔ عافیہ کے حقوق ہی عورتوں کے حقوق ہیں۔ عورتوں کا اغواء، زبردستی سرحد پار اسمگل کرنا، بچوں کی جدائی، لاپتہ رکھنا، جھوٹے الزامات کی بنیاد پر مقدمہ قائم کرنا، قانونی دفاع کے حق سے محروم رکھنا، ظالمانہ سزا کے بعد جیل میں جنسی ہراسگی اور انسانیت سوز تشدد کے مراحل سے عافیہ گزرچکی ہے۔

عورتوں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقاریب میں شرکت اور آن لائن اجلاسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ دنیا کو اس وقت امن کی ضرورت ہے۔ دنیا کی کل آبادی کا 50 فیصد حصہ ہونے کی بنیاد پر عورتیں عالمی امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگوں میں سب سے زیادہ خواتین ہی متاثر ہوتی ہیں۔ جنگوں کے دوران عورتوں کو اغواء کیا جاتا ہے، ان کے عزت و وقار کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں، انہیں زبردستی اپنے خاندانوں سے الگ کردیا جاتا ہے۔