ملک سیاسی،معاشی اور خودکش حملوں کی زد میں ہے،عبدالحمید عباسی

81

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)متحدہ اتحاد عباسیہ انٹر نیشنل کے مرکزی رابط سیکرٹری عبدالحمید عباسی نے پشاور قصہ خوانی بازار مسجد کے اندر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 30افراد کے شہید اور 50افراد کے زخمی ہونے کے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اس وقت سیاسی،معاشی اور خودکش حملوں کی زد میں ہے کچھ عرصہ خاموشی کے بعد فاٹا، بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر دہشتگردی کی آگ بھڑک اٹھی ہے عوام مہنگائی، بھوک بدحالی اور بیروزگاری کے بعد اب شدید دہشت گردی کی لپیٹ میں ہیں لیکن حکمران اپنے اقتدار کو طول دینے کیلیے دن رات مخالفین کو شکست دینے کیلیے اتحادیوں کو منانے اور اپنے ارکان کو بچانے کی تگ ودو میں مصروف ہیں جبکہ عوام کو دہشتگردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔مسجد میں دھماکہ ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن، اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ کی جانب سے سیکورٹی الرٹ جاری ہونے کے باوجود مناسب حکومت نے حفاظتی اقدامات نہیں اٹھائے، دشمن نے کسی بارڈر پر نہیں پشاور کے وسط میں حملہ کیا ہے، حکومت کیخلاف اپوزیشن کی تحریک کے بعد ملک بھرمیں اچانک دہشت گردی کے واقعات شروع ہوگئے ہیں، اتنے اداروں اور سیکورٹی چیک پوسٹوں کے باوجود دہشت گرد کیسے اور کہاں سے آجاتے ہیں؟ دشمن نے کھلے عام اعلان کر رکھا ہے کہ وہ ہر صورت پاکستان کو کمزور کر یگا، ۔تخریب کاروں اور دہشت گردوں کو روکنے کیلیے حکومت نے کیا اقدامات اٹھائے ہیں۔اگر دہشت گرد اسی طرح ہمارے معصوم بچوں کو نشانہ بناتے رہے تو لوگ خاموش نہیں بیٹھیں گے وہ حکمرانوں کے خلاف نکلیں گے، خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں کیلیے مغفرت کی دعا، لواحقین کیلیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحتیابی کی بھی دعا بھی کی۔