ڈیوڈ ولی اور ٹم ڈیوڈ نے بارہا دینِ اسلام سے متعلق سوالات کیے، محمد رضوان

451
ڈیوڈ ولی اور ٹم ڈیوڈ نے بارہا دینِ اسلام سے متعلق سوالات کیے، محمد رضوان

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں شامل انگلش کرکٹر ڈیوڈ ولی اور ٹم ڈیوڈ نے بارہا دینِ اسلام سے متعلق ان سے سوالات کیے۔

انڈیپینڈنٹ اردو کے پروگرام میں ملتان سلطانز کے بولنگ کوچ مشتاق احمد سے بات چیت کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ ہمیں اپنے دین کو لے کر شرمانا نہیں چاہیے، ہمیں نبی کریم ﷺ کی سنتوں پر فخر کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ڈریسنگ روم میں کئی بار انگلش کرکٹر ڈیوڈ ولی اور آسٹریلوی نژاد ٹم ڈیوڈ نے مجھ سے دین اسلام کے حوالے سے مختلف سوالات کیے جس کا میں نے انہیں جواب دیا

محمد رضوان نے کہا کہ جب غیر ملکی کھلاڑی ہم سے ہمارے دین اور نماز کے بارے میں پوچھتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ انہیں ان سب میں سکون مل رہا ہے، ہم مسلمانوں کو عجیب لگ رہا ہوتا ہے کہ ہم ان کے سامنے نماز پڑھ رہے ہیں یا داڑھی رکھی ہوئی ہے لیکن انہیں اچھا لگ رہا ہوتا ہے۔

قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ ملتان سملطانز میں شامل ٹم ڈیوڈ اور ڈیوڈ ولی نے مجھ سے پی ایس ایل کے دوران اسلام کے بارے میں ڈھیروں سوالات پوچھے، جب نماز میں سجدے کے لیے بیٹھتے ہیں اور پاؤں کے ٹخنے پر نشان بنتا ہے، اس حوالے سے ڈیوڈ ولی نے مجھ سے پوچھا کہ نماز کی وجہ سے یہ نشان کیسے آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں ہمارے دین سے لگاؤ ہے اور سمجھ بوجھ ہے۔