سکھر: ایم ایس سول اسپتال کی تعیناتی خلاف قانون قرار

132

 

سکھر (نمائندہ جسارت) سندھ ہائی کورٹ نے ایم ایس، تسلیم خمیسانی کی تعیناتی کو خلاف قانون قرار دے دیا ،تعیناتی کا آرڈر معطل ،چیف سیکرٹری اور سیکرٹری صحت کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا، سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے سکھر کے جی ایم سی سول اسپتال میں ڈاکٹر تسلیم خمیسانی کی بطور ایم ایس تعیناتی کے خلاف داخل ڈاکٹر لطف اللہ چنہ کی جانب سے آئینی پٹیشن کی سماعت کی، سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ سول اسپتال کے ایم ایس کی پوسٹ 20 گریڈ ہے اور حال ہی میں تعینات ایم ایس ڈاکٹر تسلیم خمیسانی 19 گریڈ میں ہیں اور ان کو ایم ایس تعینات کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت اس سے قبل بھی ڈاکٹر تسلیم خمیسانی کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ دے چکی ہے لیکن اس کے باوجود ان کو دوبارہ ایم ایس لگایا گیا ہے جس پر عدالت نے فوری ایم ایس تسلیم خمیسانی کی تعیناتی کو خلاف قانون قرار دیتے ہوئے ان کی تعیناتی کے آرڈر کو معطل کردیا اور چیف سیکرٹری سندھ ،سیکرٹری صحت سندھ و دیگر حکام کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے پٹیشن کی سماعت16 مارچ تک ملتوی کر دی۔