عبدالحئی بلوچ کے انتقال سے سیاسی اُصولوں کی کتاب بند ہوگئی ،بی این پی

124

حب(نمائندہ جسارت)بلوچستان نیشنل پارٹی لسبیلہ کی ضلعی قیادت قدرت اللہ ریکی،اکبر آسکانی نے اپنے تعزیتی بیان میں ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی ٹریفک حادثے میں انتقال کر جانے پر افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پارلیمانی سیاسی اُصولوں کی ایک پاکیزہ کتاب ہمیشہ کے لیے بند ہوگئی ۔ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ پوری زندگی دیانتداری سے قول و فعل کی سچائی پر گزار کر حقوق سے محروم قوم کی ڈھارس بنے رہے۔ وہ بلوچستان کے فرسودہ قبائلی رواجوں میں آمرانہ طرز کے دقیانوسی خیالات کے خلاف اندھیری راہوں میں شمع کی مانند تھے۔ صوبے کے ہزاروں نوجوان طلباء، کسان ان سے ایک والہانہ سیاسی عقیدت رکھتے ہیں شعور آگاہی کی کہکشاؤں میں ایک چمکتا ستارہ نظروں سے اوجھل تو ہوگیا لیکن ان کی روشنی اس سرزمین کے عوام کے لیے ہمیشہ سچائی کی منزل کے راہوں کا تعین کرتی رہے گی مظلوموں اور کچلے ہوئے غریب طبقات کے لیے بلوچ عوام سمیت وہ پورے خطے کے جمہوری و پارلیمانی انتھک سیاسی جدوجہد کے ایک عظیم رول میپ تھے جن کا خلاء اب صدیوں تک پر نہ ہوسکے گا۔