عوامی لانگ مارچ حکومت کو بہا لے جائے گا،عبدالجبار خان

225

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ کا حیدرآباد میں تاریخی استقبال کیا جائے گا۔ حیدرآباد کے عوام بھرپور شرکت کریں تاکہ اس نااہل اور ظالم حکومت سے نجات دلائی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت سیکورٹی رسک بن گئی ہے جس نے غریب عوام سے 2 وقت کی روٹی بھی چھین لی ۔ پیپلزپارٹی ہی اس حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی کیونکہ ان نااہل حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔ اب تک کی کارکردگی صفر ہے حکومت نے عوام کو دھوکا دینے کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ساڑھے 3 سال میں قرضوں اور مہنگائی میں سیکڑوں فیصد اضافہ ہوگیا ہے ۔ حالت یہ ہے کہ اب تنخواہ میں بجلی، گیس اور دیگر یوٹیلیٹی بلز بھی بھرنا مشکل ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کی قیادت میں لانگ مارچ کی صورت میں آنے والا عوامی سیلاب حکومت کو بہا لے جائے گا اور اس کی وکالت کرنے والے ترجمانوں کو بھی بھاگنے کی جگہ نہیں ملے گی کیونکہ مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے موقع پرست ترجمان عوام کو بھی گمراہ کر رہے ہیں اور خود وزیراعظم عمران خان کو بھی دھوکے میں رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی سے گرمی شروع ہوتے ہی بجلی کا بحران بھی سر اُٹھانے لگا ہے۔ ابھی گیس کی قلت سے عوام کی جان چھوٹی نہیں تھی کہ بجلی کے بحران نے عوام کو پکڑلیا ۔ آئے دن پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی کا سیلاب آرہا ہے۔