عوام کے تعاون کے بغیر کراچی کو صاف نہیں کیا جاسکتا، ناصر حسین شاہ

545

کراچی: صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ  نے کہاہے کہ عوام کے تعاون کے بغیر کراچی کو صاف نہیں کیا جاسکتا۔سندھ سالڈویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے ضلع کورنگی میں گھر گھر کچرا اٹھانے کی تقریب منعقد کی گئی۔

شاہ فیصل اور کورنگی زون میں 212مشینری کے ذریعے کچرا گھروں سے وصول کیا جائے گا جبکہ 128 گاڑیاں شاہ فیصل زون سے گھر گھر سے کچرا اٹھائیں گی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہاکہ تین سے چار ماہ میں کراچی میں ہرجگہ صفائی ستھرائی کا کام ہوگا۔صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ سالڈ ویسٹ کے عملے پر تشدد باعث تشویش ہے، اب اگر کہیں حملہ ہوا تو علاقہ ایس ایچ او سیٹ پر نہیں رہے گا۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر کراچی کو صاف نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے شہید صحافی اطہر متین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہ افسوسناک سانحہ تھا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔صوبائی وزیر بلدیات نے کہاکہ وزیر اعلی سندھ خود اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں جبکہ لا اینڈ آرڈر کی گذشتہ روز کی میٹنگ میں لائحہ عمل تیار کیا ہے۔

صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ کراچی کے ماضی اور آج کے حالات میں دن اور رات کافرق ہے، ریکارڈ پر ہے 2021میں لاہور میں 2 لاکھ کرائم کیس رپورٹ ہوئے جبکہ کراچی میں 84 ہزار کیس ہوئے۔واضح رہے کہ تقریب میں ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ زبیر چنہ، ڈی سی کورنگی سلیم اللہ اوڈھو، ایڈمنسٹریٹر کورنگی جاوید کلہوڑ بھی موجود تھے۔