بھارت کا کشمیر پر ناجائز قبضہ کبھی بھی تسلیم نہیں کریں گے ،چودھری محمد اشرف 

281

میرپور: سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری محمد اشرف نے کہاکہ زندہ قومیں اپنے محسنوں ،شہداءاورغازیوں کوکبھی فراموش نہیں کرتیں۔ حنیف شہید، بشارت شہید اور غازی دلاور کی عظیم قومی قربانی ہماری تاریخ کے ماتھے کاجھومرہے۔ شہداءلندن نے مملکت خداداد پاکستان سے محبت اور افواج پاکستان سے عقیدت کے مقدس جذبات میںجوقربانی دی وہ تاریخ کے سنہرے حروف میں لکھی جائے گی۔

چودھری محمد اشرف کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم مسلح افواج پاکستان کی قربانیوں ولازوال خدمات کی وجہ سے محبت وعقیدت کے جذبات رکھتے ہیں۔حنیف شہید، بشارت شہید اور غازی دلاور بہادر اور معصوم تھے ۔ کھلونا پستول سے پاکستان کے 90ہزار قیدیوں کی رہائی کے لیے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کیے ۔شہداءلندن کی شہادت و جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں بھارت کشمیریوں پر انسانیت سوز ظلم کر رہا ہے۔ بھارت کا کشمیر پر ناجائز قبضہ کبھی بھی تسلیم نہیں کرئینگے۔کشمیر کشمیریوں کا ہے کشمیری آزادی سے کم کوئی آپشن قبول نہیں کرئینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حنیف شہید اور بشارت شہید کی برسی کے موقعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چودھری محمد اشرف نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مکمل علم ہونا چاہیے۔پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی۔شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا کہ کشمیر پر ایک ہزار سال تک جنگ بھی لڑنی پڑی تو لڑئینگے۔کشمیریوں کے ساتھ پیپلز پارٹی کی قیادت کی والہانہ محبت قابل تحسین ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید بھی کشمیریوں سے بہت محبت کرتی تھی۔موجودہ حکمرانوں کو کشمیر پر اپنی واضح پالیسی اپنانی چاہیے۔اس خطہ کا امن مسئلہ کشمیر سے وابستہ ہے۔ بھارت اور پاکستان دونوں ایٹمی قوتیں ہیں ۔اگر بھارت نے زرا سے بھی غلطی کی تو اس کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔چودھری محمد اشرف نے کہا بشارت شہید،حنیف شہید اور دیگر شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔