اشیا مہنگی فروخت کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے،ندیم الرحمن

50

بدین (نمائندہ جسارت ) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمن میمن نے ضلع بدین کے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں اور اپنی منصبی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں تاکہ عوامی مسائل کا سدباب ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے ضلع بدین کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ زرعی ٹیکس وصولی کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لیے ایگریکلچرل ٹیکس اسسمنٹ آرڈر ضرور جاری کریں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے دفتری اوقات میں دفتر میں موجودگی کو یقینی بنائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے ڈپٹی کمشنر بدین کے دفتر ، میٹنگ ہال میں ضلعی افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان، ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان یاسر بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ثنااللہ رند، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون حسین بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو لیاقت لنڈ، ضلعی صحت آفیسر ڈاکٹر امتیاز علی کاکا سمیت تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ، مختار کارز، محکمہ صحت ، تعلیم، ورکس اینڈ سروسز، جنگلات، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ روزمرہ کے استعمال میں آنے والی اشیا خورونوش کی قیمتوں پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور اس ضمن میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان کو ہدایت دی کہ وہ تمام ترقیاتی اسکیموں سے متعلق تمام اعداد و شمار متعلقہ افسران سے طلب کرلیں اور ترقیاتی اسکیموں کے موجود اسٹیٹس سے متعلق اجلاس منعقد کریں کیونکہ جلد ہی ترقیاتی اسکیموں سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ بدین کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے ڈی سی بدین کو کہا کہ وہ مویشیوں کی ویکسین کے عمل کی بھی خود نگرانی کریں، کبھی کبھار محکمہ لائیو اسٹاک کے دعوئوں کے باوجود مویشیوں میں بیمار یاں پھیل جاتی ہے۔ کمشنر حیدرآباد نے متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت دی کہ ترقیاتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں کیونکہ وہ کسی بھی وقت اچانک دورہ کرکے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کہیں پر غفلت اور لاپروائی نظر آئی تو غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے مختار کاروں کو کہا کہ ہر ماہ ملنے والے فنڈز عوام کی بہتری کے لیے استعمال کیے جائیں۔ انہوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ کے آفیسر سے استفسار کیا کہ آر او پلانٹس جن کا ٹینڈر پچھلے سال اگست میں ہوا تھا وہ اب تک فعال کیوں نہیں ہیں؟ انہیں کوشش کر کے جلد فعال کیا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بدین کو یکم جنوری 1975 میں ضلع کا درج دیا گیا تھا، ضلع میں اس وقت لڑکے اور لڑکیوں کے 2900 سے زائد پرائمری ،میڈل، ہائی اور سیکنڈری اسکولز ہیں، ہیڈکوارٹر میں انڈس اسپتال اور چار تعلقہ اسپتال ہیں، 37 بیسک ہیلتھ سنٹر اور 16 ڈسٹرکٹ کونسل ڈسپنسریز کے علاوہ دو ماں اور بچوں کے ہیلتھ سینٹرز ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بدین میں ابتک 89.67 فیصد عوام کو کوویڈ ویکسینیشن کی ایک ڈوز جبکہ 72.50 فیصد عوام مکمل ویکسینیٹ کیا جا چکاہے جس پر ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے کوویڈ ویکسینیشن کے ضمن میں ضلع کی کارکردگی کو سراہا۔ ڈی سی بدین نے بتایا کہ 1246667 مویشیوں کو کی ویکسین کی گئی ہے اور ضلع بھر میں شجر کاری کی جارہی ہے اس سال محکمہ جنگلات کی جانب سے شجر کاری کے لیے 80ہزار پودے فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اشیائے خوردونوش کی قیمتوں سمیت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر عملدرآمد کرارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فرٹیلائزرز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے اقدامات اُٹھائے گے اور کاشتکاروں کو مقرر کردہ نرخوں پر فرٹیلائزرز فراہم کروائی گئی۔