ملک میں بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام سے جینے کا سہارا بھی چھین لیا ہے، جے یو آئی

269

سکھر: جمعیت علماءاسلام ضلع سکھر کے سیکریٹری جنرل حضرت مولانا محمد صالح نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی بے روزگاری و کرپشن نے عوام سے جینے کا سہارا بھی چھین لیا ہے، غریب عوام کے حقوق کیلئے جے یو آئی کی جدوجہد کسی سے سے ڈھکی چھپی نہیںہے ،موجودہ نااہل سیلکٹیڈ عمران حکومت کے دن گنے جا چکے ہیںنااہل حکمران عوام کو مزید دھوکے میں نہیںرکھ سکتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی ضلع سکھر کے زیر اہتمام صوبائی سیکریٹریٹ میں زیر صدارت مفتی محمد شفیع اندھڑ کے جے یو آئی سکھر کے تعلقہ کے امراءو نظماءکے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔اجلاس میں حافظ غلام محمد کندھر ، حافظ غلام مصطفی برڑو، حافظ عبدالحمید مہر، مولانا محمدزبیر مہر، مولانا غلام اللہ ہالیجوی، مولانا عبدالکریم عباسی ، مولاانا عبدالحمید مہر، رشید احمد شیخ ، مولانا اسد اللہ بھیو ، قاری لیاقت علی مغل، ابو اسامہ عباسی، امان اللہ سکھروی و دیگر نے شرکت کی اجلاس میں اجلاس میں 23مارچ مہنگائی لانگ سمیت آئندہ بلدیاتی انتخابات، سکھر میں منعقدہ دو روزہ تربیتی کنونشن سمیت یکم مارچ کو قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی سکھر آمد کی تیاریوں کا جائزہ اور تنظیمی امور پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا، شرکاءاجلاس کا مزید کہنا تھا کہ عوام موجودہ حکومت کے خاتمے کیلئے پی ڈی ایم اور جے یوآئی کیساتھ سڑکوں پر نکلنا شروع ہو گئی عوام کا احتجاجی سمندر موجودہ نااہل حکومت کو لے ڈوبے گا اور ظالم حکمران جلد اپنے گھروں پرروانہ ہونگے۔

مولانا محمد صالح انڈھڑ و دیگر شرکاءاجلاس کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوام دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہو کر روز روز مہنگائی کے ایٹم بم گرا رہی ہے ، حالیہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے غریب و متوسط طبقہ شدید پریشان حال ہے لیکن ظالم حکمران ان پریشانیوں کو دور کرنے کے بجائے ان میں مزید اضافہ کر رہی ہے جو لمحہ فکریہ بنتا جا رہا ہے جے یو آئی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے انشاءاللہ عوام کی طاقت سے اقتدار حاصل کر کے ظالم حکمرانوں سے ملک و قوم کو نجات دلائیگی ۔