کراچی میں طوفانی ہوائوں کا الرٹ، کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے ، محکمہ موسمیات

321

کراچی /اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر/مانیٹرنگ ڈیسک/صباح نیوز) محکمہ موسمیات نے کراچی میں تیز ہواؤں اور اندھی کا الرٹ جاری کردیا اور کہا ہے کہ تیز ہوائوں کی وجہ سے کمزور انفرااسٹرکچر کو نقصان ہوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی، جنوبی بلوچستان اور شمال مغرب سے شہر میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، شہر میں 36 سے 45 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کبھی کبھی ہواؤں کی رفتار 54 کلو میٹر فی گھنٹہ بھی ہوسکتی ہے اور ہواؤں کا سلسلہ آج دوپہر (بدھ) سے جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موسم سرد اور گرد آلود ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے سمندر میں طغیانی کے باعث ماہی گیروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد ایک بار پھر ضلع شرقی میں لگے دیوہیکل بے ہنگم اشتہاری بورڈ، پول سائن اور پیڈیسٹرین برجز پر لگے اشتہاری پینلز شہریوں کے لیے خطرہ بن گئے ہیں‘ بلدیہ شرقی انتظامیہ کی جانب سے حسب سابق اشتہاری کمپنیوں کو سائن بورڈ پر لگی اسکرین اتارنے کے لیے مراسلہ بھیج کر فائل کا پیٹ بھر دیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل بھی شہر میں تیز ہوا کے دوران بھی بلدیہ شرقی نے اشتہاری کمپنیوں کو ایسا ہی ایک مراسلہ بھیجا تھا تاہم اشتہاری کمپنیوں نے مخصوص جگہوں پر لگے چند بورڈز سے اسکرین اتار دی تھیں جبکہ درجنوں بورڈ جوں کے توں موجود تھے جس کی نشاندہی کے باوجود بلدیہ شرقی محکمہ ایڈورٹائزمنٹ نے سائن بورڈز سے اشتہاری اسکرینز نہ اتارنے والی کسی بھی اشتہاری کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کی تھی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا سلسلہ بدھ کو ملک کے بالائی/وسطی علاقوں میں داخل ہو گا جس کے باعث بدھ سے جمعرات کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی ، اٹک، چکوال، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، ملاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور،چارسدہ، باجوڑ، کرم،وزیرستان، کوہاٹ، میانوالی ،سرگودھا ، فیصل آباد ، جھنگ ، خوشاب، بھکر ، لیہ، اوکاڑہ ساہیوال اور دیگرعلاقوںمیں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔