کورونا سے مزید 30 اموات،کراچی میں ویکسی نیشن عملے کی ہڑتال جاری

144

کراچی/ اسلام آباد/ پشاور (اسٹاف رپورٹر/ خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی ایکسپو سینٹر میں ورکرز کی 9 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف پانچویں روز بھی کام چھوڑ ہڑتال جاری رہی ۔ تفصیلات کے مطابق جمعے کو پاکستان میں عالمی وبا کورونا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 30 افراد انتقال کر گئے اور 8183 نئے مریض بھی سامنے آئے‘ 1786 افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے۔ ملک بھر میں کورونا کے 68624 ٹیسٹ کیے گئے ‘ مثبت کیسز کی شرح 11.92 فیصد رہی۔ این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 29192 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ 2 ہزار 70 تک پہنچ چکی ہے۔ وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 74 ہزار 657 ہو گئی ہے۔کراچی ایکسپو سینٹر میں پانچویں روز بھی ویکسی نیشن کا عمل معطل رہا‘ عملے نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاجی طور پرکام بند کیا ہوا ہے۔میگا سینٹر غیر فعال ہونے کا سندھ حکومت نے تاحال نوٹس نہیں لیا جس کے باعث ویکسی نیشن کے لیے آنے والیشہریوں اور طالب علموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ فرنٹ لائن ورکرزکی تنخواہیں محکمہ صحت ادا کرنے کے لیے تیار نہیں جبکہ اے جی آفس نے تنخواہوں کے بل جاری نہیں کیے۔ 9 ماہ سے ایکسپو، ڈاؤنیورسٹی اورخالق دینا ہال کا عملہ تنخواہوں سے محروم ہے۔ کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں کمی آنا شروع ہوگئی۔ حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی میں 7679 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے2021 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور شہر میں کیسز کی شرح 26.31 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں کورونا مثبت کیسز کی شرح بڑھنا شروع ہوگئی ہے جہاں پشاور میں726 مثبت کیسز کے ساتھ کورونا کی شرح 35.89 فیصد ہوگئی‘اسلام آباد کے پمز اسپتال کے 260 ڈاکٹرز اور نرسز کورونا میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں کورونا کیسز کی شرح 16.76 فیصد اور لاہور میں15.25 فیصد ریکارڈکی گئی۔ سندھ میں کورونا سے بچاؤ کے لیے بوسٹر ڈوز لگانے کی شرح انتہائی کم ریکارڈ کی گئی ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق صوبے نے یکم ستمبر سے بوسٹر ڈوز لگانے کا آغاز کیا اور سندھ میں 5 ماہ میں صرف 37 ہزار بوسٹر ڈوز لگوائی گئیں۔ محکمہ صحت کا بتانا ہے کہ 24 گھنٹے میں سندھ میں 13917 افراد کو بوسٹر ڈوزلگائی گئیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا ایس او پیز میں 15 فروری تک توسیع کردی۔ این سی او سی کی جانب سے کورونا ایس او پیز میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ملک میں کورونا کی صورتحال کے پیش نظر عوام سے ماسک کے استعمال کی اپیل کی ہے۔