ٹک ٹاک ویڈیو کے دوران بھائی سے گولی چل گئی، بہن جاں بحق

609

حیدر آباد: حیدر آباد میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، ٹک ٹاک کا جنون ایک اور زندگی نگل گیا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹک ٹاک ویڈیو رکارڈنگ کے دوران بھائی سے اتفاقیہ گولی چلنے سے 15 سالہ بہن موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گولی لڑکی کے سر میں لگی، لڑکی کو سول اسپتال حیدر آباد لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی، لڑکی کے اہل خانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کرتے ہوئے مقتولہ کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا۔

ٹک ٹاک ویڈیو کے دوران اتفاقیہ گولی چلنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ رواں ماہ لاہور میں ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے سر میں گولی لگنے سے نجی کمپنی کا سکیورٹی گارڈ موقع پر جاں بحق ہوگیا تھا۔

ہوا کچھ یوں کہ 25 سالہ حسین احمد اور اسامہ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں سکیورٹی گارڈ کے فرائض سر انجام دے تھے۔ دونوں نے مل کر ٹک ٹاک بنا رہے تھے، اسامہ نے پسٹل حسین کے سر کے پچھلے حصہ پر گردن کے قریب رکھا ہوا تھا اور ویڈیو بناتے ہوئے گولی چل گئی جس سے حسین موقع پر ہی دم توڑ گیا۔