مملکت خدا داد پاکستان کے تحفظ میں جان نثار کرنا عظیم شہادت ہے، شجاع الدین شیخ

393

لاہور: تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ مملکت ِ خداداد پاکستان کے تحفظ میں جان نثار کرنا عظیم شہادت ہے۔ یہ بیان انہوں نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کے حملے سے پاک فوج کے دس جوانوں کے شہید ہونے پر دیا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کے ایران سے متصل باڈر چیک پوسٹ پر اس خوفناک دہشت گردی نے کئی سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ خطے میں ہونے والی تبدیلیوں اور اس حوالے سے پاکستان کے موقف نے عالمی سطح پر پاکستان کے دشمنوں کو متحرک کر دیا ہے اور وہ پاکستان کے سکیورٹی اداروں کو ٹارگٹ کر کے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی حفاظت کے لیے سکیورٹی اداروں، میڈیا، دانشوروں اور عوام کو ایک پیج پر ہونا پڑے گا۔

انھوں نے کہا کہ اِس اندوہناک واقعہ کی مکمل تحقیق ہونی چاہیے اور اس کے ذمہ داران داخلی دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والی غیر ملکی قوتوں کو دندان شکن جواب دیا جانا چاہیے۔ تنظیم اسلامی کے امیر نے کہا کہ میں نے چند روز پہلے ہی حکومت پر واضح کر دیا تھا کہ ریاست کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے اپنی بات کو دہراتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت کو اپوزیشن سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لینا ہو گا تاکہ ساری قوم متحد ہو کر اِن دہشت گردوں اور ان کے غیر ملکی پشت پناہوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا سکے۔

.