اسرائیل کے ساتھ تعاون کو تیار ہیں ، ترک صدر

325

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ کے دورہ ترکی سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کا ایک نیا باب شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت تل ابیب کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی صدر آئندہ ماہ ترکی کا دورہ کریں، جو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انقرہ حکومت اسرائیل کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص قدرتی گیس کی تجارت میں تعاون کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ترکی نے 1949ء میں اسرائیل کو بطور ریاست تسلیم کیا تھا ، تاہم اردوان کے اقتدار میں آنے کے بعد ان دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات میں نشیب و فراز دیکھا گیا ہے۔ اردوان فلسطین کے بارے میں اسرائیلی پالیسی کے سخت ناقد ہیں۔ تاہم حال ہی میں ان کے موقف میں کچھ تبدیلی آئی ہے۔ تجزیہ کار وں کا کہنا ہے کہ یونان اور قبرص سے جاری گیس کے تنازع نے تُرک حکومت کو پالیسی میں لچک کرنے پر مجبور کردیاہے۔ اسرائیل سے تعلقات کا بڑا مقصد اسرائیلی قدرتی گیس کا حصول ہے۔