جماعت اسلامی کرپٹ نظام کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی، میاں محمد اسلم 

376

اسلام آباد: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ اسٹیٹس کو کی علمبردار وفاقی اور صوبائی حکومتیں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہیں، حکمرانوں کی عیاشیاں جاری ہیں اور عوام کی محرومیوں میں ہر آئے روز اضافہ ہورہا ہے،عوام دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں، مہنگائی، بے روزگاری کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔

انھوں نے کہا جماعت اسلامی ملک میں اسلامی عدل و انصاف کے نظام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، گلی محلے کی سطح پراہل ودیانتدار بلدیاتی قیادت ہی مسائل کے جنگل کو ختم کر سکتی ہے ،جماعت اسلامی کرپٹ نظام کے خلاف اسلامی و خوشحال پاکستان کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف یونین کونسلوں کے دورے کے موقع پر گروپ لیڈران سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا۔

میاں محمد اسلم نے کہا وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا اعلان کیا اور لاکھوں افراد کو روزگار سے محروم کر دیا،بقہ اور موجودہ حکومتیں بری طرح پٹ چکی ہیں۔ عوام حقیقی تبدیلی کے منتظر ہیں، قوم کی اکثریت قرآن و سنت کا نظام چاہتی ہے، جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے، میاں محمد اسلم نے کہا جماعت اسلامی گوادر، کراچی سمیت ملک بھر کے پسے طبقات کی آواز بن کر ابھری ہے، قوم سے اپیل ہے کہ وہ جاگیرداروں اور وڈیروں سے جان چھڑانے کے لیے جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر پرامن جمہوری جدوجہد کریں۔ قوم آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ووٹ دے، پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانا ہماری منزل ہے۔