عالمی ثالثی عدالت نے نشریاتی حقوق پر پی سی بی کے حق میں فیصلہ دیدیا

244

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ تصدیق کرتا ہے کہ ٹیک فرنٹ ایف زیڈ ای اور بلٹز ایڈورٹائزنگ پرائیوٹ لمیٹڈ کے پی سی بی کے ساتھ تنازعات پر لندن کی عالمی ثالثی عدالت نے پی سی بی کے حق میں فیصلے سنادیے ہیں۔ٹیک فرنٹ انٹرنیشنل ایف زیڈ ای (ٹیک فرنٹ)سے متعلق تنازع پاکستان سپر لیگ کے براڈکاسٹ اور لائیو اسٹریمنگ میڈیا رائٹس کے معاہدوں کے سلسلے میں فیس کی ادائیگی جبکہ بلٹز ایڈورٹائزنگ کے ساتھ تنازع پی ایس ایل2020 کے میچز کی تاخیر سے ٹیلی ویژن نشریات اور لائیو اسٹریمنگ میڈیا رائٹس کی فیس کی ادائیگی سے متعلق تھا۔ان تنازعات پر لندن کی عالمی ثالثی عدالت نے ٹیک فرنٹ اور بلٹز ایڈورٹائزنگ کے دعوں کو مسترد کرتے ہوئے دونوں پارٹیز کو پی سی بی کو فیس کی ادائیگی اور کیس سے متعلق تمام اخراجات اٹھانے کا حکم دیا ہے۔یہ تمام حقوق پاکستان اور لندن کی عالمی ثالثی عدالت کے قوانین کے عین مطابق جاری کیے گئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر بیرسٹر سلمان نصیر کا کہناہے کہ یہ ان کے لیے بڑی کامیابیاں ہیں کیونکہ اس سے پی سی بی کو پاکستان سپر لیگ سے کثیر آمدنی ملنے میں کامیابی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے یہ بھی واضح ہوتا ہے ہم مربوط معاہدے کرتے ہیں اور ہم پی ایس ایل کے برانڈ کی مقبولیت میں اضافے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے رہیں گے۔