متحدہ عرب امارات میں حوثی باغیوں کا آئل ٹینکرز پر مبینہ ڈرون حملہ، 3 افراد ہلاک، 6 زخمی

327

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں آئل ٹینکرز دھماکے سے پھٹ گئے، جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی سمیت 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ابوظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں دو دھماکے سنے گئے، جس کے نتیجے میں خؤفناک آگ بھڑک اٹھی، حکام کا کہنا ہے کہ ایک دھماکا 3 آئل ٹینکرز میں جب کہ دوسرا زیر تعمیر ایئرپورٹ پر ہوا ہے تاہم پولیس نے دھماکے کی نوعیت سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔

ابو ظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکوں میں آئل ٹینکر کے پھٹنے سے 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ اماراتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والے ایک شخص کا تعلق پاکستان جبکہ دو کا بھارت سے ہے۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے تاحال کسی کو واقعے کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا ہے اور نہ ہی آئل ٹینکرز پھٹنے کی وجہ سے آگاہ کیا گیا ہے تاہم واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

دوسری جانب یمن کے حوثی باغیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔