مقبوضہ کشمیر: راجوری میں فائرنگ سے 2 بھارتی فوجی ہلاک

383

سرینگر (اے پی پی) بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں 2 بھارتی فوجی پراسرار فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہوگئے۔ سری نگر میں پولیس نے انسانی حقوق کے معروف کارکن احسن اونتو کو گرفتار کر لیا، نظر بند حریت رہنما مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پراسرار فائرنگ کا یہ واقعہ کنٹرول لائن کے ساتھ راجوری کے علاقے ہنجن والی میں پیش آیا جس میں 2 بھارتی فوجی زخمی ہوگئے، بعدازاں و ہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ غیر مصدقہ اطلاعات میں اس واقعے کو فوجیوں کی آپس میں فائرنگ کا نتیجہ قراردیاگیا ہے۔ دوسری جانب بھارتی پولیس نے محمد احسن اونتو کو سماجی رابطوںکی ویپ سائٹس کے ذریعے جھوٹا پروپیگنڈا کرنے، غلط معلومات پھیلانے اور نفرت انگیز تقاریر کرنے کے بے بنیاد الزامات لگا کر گرفتار کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی شدیدمذمت کی ہے اور اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ اپنا ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے والے بے گناہ کشمیریوںکا وحشیانہ قتل عام بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق کے چارٹراوربھارتی رہنمائوں کی طرف سے عالمی برادری کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے آزادی پسند کشمیری عوام کے جذبہ حریت کوسراہتے ہوئے بھارتی ظلم و جارحیت کے باوجود جاری مزاحمتی تحریک کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔