سرکاری افسران کی بڑی بڑی رہائش گاہوں کوعوامی پارک بنانے کا مطالبہ

313

لاہور: مسلم لیگ ن نے  سرکاری افسران کی بڑی بڑی رہائش گاہوں میں عوامی پارک بنانے کا مطالبہ کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں طاہر کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایک اہم تجویز دی گئی، میاں طاہر نے اسمبلی فلور پر اظہار خیال کرتے ہوئے سرکاری افسران کی بڑی بڑی رہائش گاہوں کی نشاندہی کی اور مطالبہ کیا کہ ان رہائش گاہوں کو عوامی پارک میں تبدیل کر دیا جائے۔

میاں طاہر نے کہا کہ سرکاری افسران 12 ایکڑ کی رہائش گاہوں میں رہتے ہیں، انہیں ایک کنال رقبے پر مشتمل کوٹھیاں بنا کر دی جائیں اور ان رہائش گاہوں کو عوام کے لیے مختص کیا جائے۔ پارلیمانی سیکرٹری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ صوبے میں سرکاری افسران بڑی رہاشگاہوں میں رہتے ہیں،چھوٹی رہاشگاہیں دینے کے لیے قانون میں ترمیم کرنا ہوگی۔

 جس پر ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ آپ اس سسٹم کو تبدیل کرنے کے لیے ترمیم کر لیں۔پارلیمانی سیکرٹری نے ایوان کو یقین دہانی کرائی کہ میاں طاہر کی تجویز اچھی ہے حکومت اس حوالے سے معاملے کو دیکھے گی۔ اجلاس میں صحافی کالونی کی طرز پرپنجاب اسمبلی کے ممبران کے لئے رہائشی ہاسنگ سکیم بنانے کے مطالبہ کی قرارداد بھی کثرت رائے سے منظور کرلی گئی ۔