آصف زرداری کے خلاف نااہلی کیس، درخواست گزاراور وکیل کی عدم موجودگی کے باعث سماعت ملتوی 

375

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف نااہلی کیس میں درخواست گزاراور وکیل کی عدم موجودگی کے باعث سماعت ملتوی کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار پی ٹی آئی رہنماخرم شیر زمان اور ان کے وکیل پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیاکہ درخواست گزار کدھر ہیں ان کا وکیل کون ہے جس پر عدالت کو آگاہ کیاگیا کہ درخواست گزار بھی نہیں ہے نہ ان کا وکیل یہاں ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کون ہے ان کا وکیل ، اس پر کمرہ عدالت میں موجود دیگر وکلا نے بتایا کہ شروع میں سکندر بشیر مہمند وکیل تھے۔ عدالت نے سماعت 18جنوری تک کیلئے ملتوی کردی۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے آصف زرداری کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں آصف علی زرداری پر اپنے اثاثے چھپانے کا الزام لگایاہے۔