ڈھاکا ٹیسٹ: پاکستان نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 8 رنز سے شکست دیدی

373

ڈھاکا: پاکستان نے بارش سے متاثرہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو اننگز اور 8 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیا ہے۔

ڈھاکا کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلا دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں 205 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ کھیل کے آخری روز میچ کا آغاز ہوا تو بنگلہ دیش کو فالو آن سے بچنے کیلئے 25 رنز درکار تھے اور اس کی تین وکٹیں باقی تھیں، تاہم اس کے باقی تین کھلاڑی مزید 11 رنز کا ہی اضافہ کرسکے اور آؤٹ ہوگئے۔ بنلگہ دیش ٹیم پہلی اننگز میں صرف 87 رنز ڈھیر ہوگئی۔

پہلی اننگ میں پاکستانی باؤلر ساجد خان نے بنگلہ دیشی ٹیم کے پرخچے اڑا دیے اور صرف 42 رنز دے کر 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی بولرز نے دوسری اننگز میں بھی شاندار گیند بازی کی اور صرف 25 رنز پر اس کے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا، اس کے بعد مڈل آرڈر نے ٹیم کو سنبھالا، تاہم پاکستان کی شاندار بولنگ کے آگے ان کی ہمت بھی جواب دے گئی، صرف شکیب الحسن نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے، انہیں 63 رنز پر ساجد خان نے بولڈ کیا۔

ساجد خان نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو دو وکٹیں شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی کے حصے میں آئیں۔

اس سے قبل کھیل کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 300 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔  پاکستان کی جانب سے بابر اعظم، اظہر علی، فواد عالم اور  محمد رضوان  نے نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔