اومی کرون : بھارت، جنوبی افریقہ کرکٹ سیریز ملتوی

360

جنوبی افریقہ سے سامنے آنے والی کورونا وائرس کی قسم اومی کرون کی وجہ سے بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کرکٹ سیریز کو ملتوی کردیا گیاہے۔

کورونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون کی وجہ سے ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر میچز ملتوی کیے جاچکے ہیں جبکہ اس کے علاوہ کرکٹ کے دیگر ایونٹ بھی اومی کرون کی زد میں آچکے ہیں جس میں کرکٹ افریقا نے کچھ کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ڈویژن ٹو کے میچز کو ملتوی کردیا ہے۔اب بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلزکو آگے بڑھادیا گیا ہے۔

بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور چار ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 17دسمبر سے شروع ہونا تھی جس کے لیے بھارتی ٹیم کو 8دسمبر کو جنوبی افریقا کیلئے روانہ ہونا تھا۔بھارتی کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے سیکرٹری نے سیریز کو ملتوی کرنے کی تصدیق کی۔

بی سی سی آئی سیکرٹری جے شاہ کا کہنا تھا کہ دو طرفہ سیریز کے لیے بھارتی ٹیم کی جنوبی افریقا روانگی اب حکومتی اجازت سے مشروط ہے جس کی وجہ سے اب یہ سیریز بعد میں کھیلی جائے گی۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دو طرفہ سیریز کو ملتوی کیے جانے کا فیصلہ بی سی سی آئی کے سالانہ جنرل اجلاس میں کیا گیا ہے تاہم بورڈ کی جانب سے بھارت کے دورہ افریقہ کی تاریخ سے آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔