ایم ڈی کیٹ قانونی تقاضا ہے، باقی ٹیسٹ نجی کالجز کے اپنے ہیں، عدالت

127

اسلام آباد (صباح نیوز) عدالت عظمیٰ نے میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ لازمی قرار دے دیا۔عدالت عظمیٰ نے ایم ڈی کیٹ کیخلاف اپیلیں خارج کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔ عدالت عظمیٰ میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ سے متعلق طلبہ نے لاہور اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی تھیں۔عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ایم ڈی کیٹ کیخلاف دائر اپیلیں خارج کر دیں۔عدالت نے قرار دیا کہ ایم ڈی کیٹ قانونی تقاضا ہے، باقی تمام ٹیسٹ نجی کالجز کے اپنے ہیں، کوئی نجی میڈیکل کالج ایم ڈی کیٹ سے راہ فرار اختیار نہیں کر سکتا۔ 5 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس منصور علی شاہ نے جاری کیا۔ طلبہ کا مؤقف تھا کہ ایم ڈی کیٹ کے لیے کالجز میں تیاری نہیں کرائی جاتی۔ خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی طلبہ کی درخواستیں مسترد کی تھیں۔