عابد علی پہلی اننگ کے بعددوسری اننگز میں سنچری سے محروم

491

بنگلا دیش کے خلاف چٹا گانگ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے افتتاحی بلے باز عابد علی پہلی اننگ میں تو سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے مگر دوسری اننگ میں وہ اپنی سنچری نہ بناسکے۔
عابد علی ایک اننگ میں سنچری اور ایک میں 90 سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستان کے7ویں اور کل ملاکر49 ویں بلے باز بنے۔ ایسا ٹیسٹ کرکٹ میں52 مرتبہ ہوا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے شیو نارائین چندر پال، انگلینڈ کے الیسٹیر کک اور بھارت کے ویرات کوہلی نے2,2 مرتبہ ایک ٹیسٹ میں ایک اننگ میںسنچری اور ایک میں 90 سے زیادہ رنز بنائے تھے۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے عابد علی نے پاکستان کی پہلی اننگ میں388 منٹس میں 282 گیندوں پر12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے133 رنز بنائے تھے جبکہ دوسری اننگ میں وہ 220 من منٹس میں148 گیندوں پر12 چوکوں کی مدد سے 91 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ اس ٹیسٹ میں پاکستان نے 8 وکٹوں سے جیت اپنے نام کی تھی۔
ایک اننگ میں سنچری اور ایک میں 90رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بلے بازحنیف محمد تھے جنہوں نے آسڑیلیا کے خلاف ملبورن میں دسمبر 1964 میں ہوئے ٹیسٹ میں پہلی اننگ میں193 منٹس میں 195 گیندوں پر8چوکوں کی مدد سے104 رنز بنائے تھے۔ دوسری اننگ میں وہ 7 رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہیں کرسکے تھے۔ انہوں نے 93 رنز 228 منٹس میں190 گیندوں پر12 چوکوں کی مدد سے بنائے تھے۔ یہ ٹیسٹ کسی فیصلہ کے بغیر ختم ہوا تھا۔
بھارت کے خلاف فیصل آؓباد میں اکتوبر 1978 میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں ظہیر عباس نے پہلی اننگ میں 176 رنز بنانے کے بعد دوسری اننگ میں96 رنز بنائے تھے۔ انہیں اس اسکور پر سنیل گواسکر نے بولڈ کیا تھا۔ یہ ٹیسٹ برابری پر ختم ہوا تھا۔
محسن خان بھیبھارت کے خلاف لاہور میں دسمبر 1982 میں کھیلے گئے میچ میں پہلی اننگ میں 94 رنز بنانے کے بعد دوسری اننگ میںسنچری (101 ناٹ آئوٹ) بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔ اس میچ میں بھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا تھا۔
سری لنکا کے خلاف کولمبو میں اگست 1994 میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے301 رنزسے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی اننگ میں سعید انور اپنی سنچری 9 رنز کی کمی کیوجہ سے مکمل نہیں کرسکے تھے جبکہ دوسری اننگ میں وہ136 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔
یونس خان نے نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ میں مارچ 2001 میں پہلی اننگ میں 91 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تھے جبکہ دوسری اننگ میں انہوں نے253منٹس میں182 گیندوں پر14 چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے149 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے تھے۔ اس میچ میں پاکستان نے299 رنز سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔
ابوظبہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف نومبر 2014 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں پاکستان نے248 رنز سے جیت حاصل کی تھی۔ محمد حفیظ پہلی اننگ میں4 رنز کی کمی کیوجہ سے اپنی سنچری مکمل نہیں کرسکے تھے مگر دوسری اننگ میں انہوں نے 172 منٹس میں130 گیندوں پر12 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 101 رنز بنائے تھے۔