ملک بھر میں زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات تشویشناک ہیں

165

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے رہنمائوںپروفیسرمحبوب الزماں بٹ ، انجینئرعظیم رندھاوااورمیاں طاہرایوب نے معصوم بچوں اوربچیوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ان درندوں کو عبرتناک سزائیں نہیں دی جاتیں ، معاشرہ ایسے جرائم اور مجرموں سے پاک نہیں ہوسکتا ۔ اگر ملک میں شرعی سزائیں نافذ ہوتیں تو آج قوم کو معصوم اور کمسن بچیوں کے لاشے نہ اٹھانے پڑتے ۔ اسلامی سزائوں پر پھبتیاں کسنے اور انہیں ظالمانہ قرار دینے والوں نے قوم کو موجودہ صورتحال سے دوچار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مغربی اور سیکولر نظام کے پیروکار ملک میں فحاشی عریانی اور بے حیائی پھیلانے کے ذمے دار ہیں جس کی وجہ سے آج یہ دن دیکھنا پڑے ہیںمعاشرے میں بڑھتی ہوئی عریانی وفحاشی کے باعث بگاڑ پیدا ہو رہے ہیں۔ تفریح کے نام پر نوجوان نسل کوایک سوچے سمجھے منصوبہ بندی کے تحت تباہ وبرباد کیاجا رہا ہے۔ مٹھی بھرسیکولر عناصر نے اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے اسلامی جمہوریہ پاکستان نے بیس کروڑ عوام کویرغمال بنایا ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشرتی اقدار کے تحفظ کے لیے فحاشی وعریانی کا سدباب کرے ۔مغربی وانڈین کلچر نے بچوں سے لے کر نوجوانوں تک کوشدید متاثر کیا ہے۔بے ہودہ ٹی وی پروگرامات اسلامی تہذیب کا جنازہ نکال رہے ہیں اورکوئی پوچھنے والانہیں۔ معاشرے میں بحیثیت مجموعی بے راہ روی اور بے اطمینانی کی وجہ سے جرائم بالخصوص معصوم بچوں بچیوں کے خلاف جرائم میں اضافہ ہورہا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا ایسی گھنائونی حرکت کے مرتکب درندوں کو فوری گرفتار کے سر عام پھانسی پر لٹکا کر عبرت کا نشان بنایا جائے۔